کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے کراچی مین ریلیاں اور مظاہرے

50
جماعت اسلامی ضلع کورنگی، اہل سنت والجماعت ، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم لیگ (ق)، ملت کشمیر ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے تحت یکجہتی کشمیر کے شرکاء سے مقررین خطاب کررہے ہیں
جماعت اسلامی ضلع کورنگی، اہل سنت والجماعت ، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم لیگ (ق)، ملت کشمیر ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے تحت یکجہتی کشمیر کے شرکاء سے مقررین خطاب کررہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا اورمقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں، مظاہروں اور سیمینارز کا انعقاد کیا۔ مختلف تقاریب سے خطاب میں صوبائی وزیرورکس اینڈ سروسز ناصر حسین شاہ،تحریک انصاف کے رہنما واپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی ،خرم شیر زمان ، جمعیت علما پاکستان کراچی کے چیف آرگنائزرمحمدشکیل قاسمی ،پاکستان سنی تحریک کے محمد ثروت اعجاز قادری،اہلسنت والجماعت پاکستان کے صدر علامہ اورنگزیب فاروقی، مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی اور دیگر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا وہرامعیار دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، ہمارے دل کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،اقوام متحدہ کشمیرکو حق خود ارادیت دلانے کیلیے کردار ادا کرے۔ تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچراینڈ اسپورٹس کی جانب سے خالق دینا ہال میں منعقدہ یوم یکجہتی کانفرنس اور تصاویر کی نمائش سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز نا صر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے غیور اور نہتے مسلمانوں پر جس طرح بھارتی ظالم فوج ظلم کررہی ہے وہ دنیا میں سچائی کے ساتھ پیش نہیں کیا جارہا، پاکستان کا بچہ بچہ اور ہر ادارہ کشمیر اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہے اور اسے اپنا اٹوٹ انگ سمجھتا ہے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز ناصر حسین شاہ اور دیگر کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے زیر اہتمام انصاف ہاؤ س کراچی سے ریلی نکالی جو شاہراہ فیصل اور شاہراہ قائدین سے ہوتی ہوئی مزار قائد پہنچی ۔ریلی میں رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ، علی عزیز و دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کشمیر میں تمام شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔قائد کا خواب کشمیر کی آزادی تک مکمل نہیں ہے۔اس موقع پر خرم شیر زمان نے کہا کہ مودی سرکار کشمیر میں ظلم کی داستان رقم کر رہی ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کراچی کے چیف آرگنائزرمحمدشکیل قاسمی و دیگر نے کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں نکالی گئی یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے،مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری قوم اور مجاہدین کشمیر کے حق میں ہوکر رہے گا۔ اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلہ کو متفقہ قرارداد کے تحت فوری طور پر حل کرائے۔ مرکز اہلسنت پر عظیم الشان یکجہتی کانفرنس سے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ یوم کشمیر منانا رسم نہیں کشمیریوں سے تجدید عہدوفا ہے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں ،کشمیرکی آزادی میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے ،ہمارے دل کشمیر کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ،اقوام متحدہ کشمیرکو حق خود ارادیت دلانے کیلیے کردار ادا کرے ،اقوام متحدہ کا دہرامعیار دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے ،انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ تعصب کا چشمہ اتار کر سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل در آمد کرائے ، مسلم ممالک کے حکمران متحدہ مسلم نیشن بنائیں تاکہ مسلمانوں کا دفاع کرسکیں ۔یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پرکشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیلیے اہلسنّت والجماعت نے حسن اسکوائرسے بنوری ٹاؤن گرومندرتک ’’کشمیر ہمارا ہے‘‘ ریلی نکالی، جس سے اہلسنّت والجماعت پاکستان کے صدرعلامہ اورنگزیب فاروقی، علامہ ربنوازحنفی، علامہ تاج محمدحنفی،مولانامحی الدین شاہ اورمولاناشکیل فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صرف مذمتی قراردادیں پاس کرنے سے کشمیریوں پرجاری مظالم بند نہیں ہوسکتے، مسلمانوں کی مشترکہ عالمی تنظیم اوآئی سی کوچاہیے کہ فوری طورپراپنے مظلوم بھائیوں کی مددکیلیے قدم اٹھاتے ہوئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرے۔کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حق خود ارادیت اور آزادی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔مزید برآں مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر و شہدائے پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب میں علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا۔