کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے نہیں دبایا جا سکتا

163

نوابشاہ (سٹی رپورٹر،کاشف رضا) نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ عظیم بلوچ امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ سرور احمد قریشی امیر مقام نجف رضا نے 5 فروری کی مناسبت سے نوابشاہ میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھارتی دہشت گردی کے ذریعے نہیں دبایا جا سکتا وادی کشمیر ایک آتش فشاں کا روپ دھار چکی ہے بھارت ظلم وجبر کے تمام تیر عوامی مزاحمت کو کچلنے کے لیے استعمال کر رہا ہے مگر ہر تیر اور وار خطا ہو رہا ہے، پلیٹ گن لا تعداد نوجوانوں کی آنکھوں کا نور تو چھین چکی ہے مگر ان کی آنکھوں میں بسے آزادی کے خواب چھینے نہیں جا سکتے۔ اس وقت ریاست پاکستان کی پالیسی بھارت نوازی سے لچکی ہوئی شاخ کی مانند ہے اور بھارت کے بجائے حکومت پاکستان کو للکارنے اور جگانے کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ کشمیریوں کا بھارت سے گلے شکووں کا کوئی رشتہ و تعلق ہی قائم نہیں وادی کشمیر کا عام مسلمان بھارت کو غاصب سمجھتا ہے سمجھتا تھا اور سمجھتا رہے گا وہ اپنے اس فہم بھارت کی قیمت عشروں سے چکا رہا ہے لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے تحت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اسے آزاد کرے۔