مہنگائی نے غربت و افلاس کی سطح کو خطرناک حد تک پہنچا دیا، سیف الرحمن

30
حیدر آباد: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ونٹر گفٹ ڈسٹری بیوشن پروگرام کے موقع پر ضلعی صدر ڈاکٹر سیف الرحمن، نائب صدر محمد سلیم خان، راؤ مسعود علی خان مستحقین میں گرم کمبل تقسیم کررہے ہیں
حیدر آباد: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ونٹر گفٹ ڈسٹری بیوشن پروگرام کے موقع پر ضلعی صدر ڈاکٹر سیف الرحمن، نائب صدر محمد سلیم خان، راؤ مسعود علی خان مستحقین میں گرم کمبل تقسیم کررہے ہیں

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدر آباد کے صدر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت ہر طرح کے حالات میں معاشرے کے غریب مستحق اور نادار افراد کی خدمت کے لیے ہمیشہ مستعد رہتی ہے، مخیر و دردمند افراد کے تعاون سے ہر مشکل وقت و موسم میں ناداروں کی مدد کے مختلف پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں۔ شدید مہنگائی نے معاشرے میں غربت و افلاس کی سطح کو خطرناک حد تک پہنچا دیا ہے۔ وہ الخدمت سیکرٹریٹ شاہ مکی روڈ حیدر آباد میں ونٹر ڈسٹری بیوشن پروگرام کے تحت غریب و مستحقین میں کمبل اور دیگر اشیا کی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر الخدمت حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری اصغر علی خان یوسف زئی، نائب صدر ضلع محمد سلیم خان، راؤ مسعود علی خان اور دیگر بھی موجود تھے، ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ دو ہفتے پہلے سول اسپتال میں مسافر خانوں اور وارڈوں میں غریب نادار سردی سے تحفظ کے انتظام سے محروم مریضوں اور ان کے تیمارداروں میں بھی کمبل اور لحاف تقسیم کیے گئے تھے اور 65 غریب معذورین کو وہیل چیئر مہیا کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک گیر سطح پر خدمات انجام دے رہی ہے مخیر و اہل درد حضرات کے مالی تعاون سے حیدرآباد ضلع میں بھی صحت صاف پانی کی فراہمی تعلیم کے منصوبے کام کر رہے ہیں جہاں غریب اور ناداروں کو مفت اور کم چارجز پر خدمات اور ضروریات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ مالی تعاون بھی فراہم کیا جاتا ہے۔