وزیراعظم نے صحت کارڈ کا اجراء کردیا،8 کروڑ شہری مستفید ہونگے

164
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان صحت کارڈ اجرا کے موقع پر ایک شہری کو کارڈ دے رہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان صحت کارڈ اجرا کے موقع پر ایک شہری کو کارڈ دے رہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے ’صحت انصاف کارڈ‘ کا اجرا کردیا ۔ان کے بقول پہلے مرحلے میں یہ کارڈ اسلام آباد ، پھر قبائلی علاقوں اور اس کے بعد پورے ملک میں تقسیم کیے جائیں گے،مجموعی طور پر 8کروڑ شہری مفت علاج کی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ پیر کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ اسکیم کا مقصد غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہے،اگر کوئی بیمار ہو تو گھر کا پورابجٹ متاثر ہو جاتا ہے، علاج کی وجہ سے بہت سے لوگ غربت میں چلے جاتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا،ہماری تمام پالیسیاں غریبوں کے لیے ہوں گی، ہیلتھ کارڈ سے ہر خاندان 7 لاکھ 20 ہزار تک مفت علاج کرا سکتا ہے، ہیلتھ کارڈ سے غربت کم ہونے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہملکی تاریخ میں پہلی بار غربت ختم کرنے کے لیے مربوط پروگرام لا رہے ہیں، تمام خیراتی اداروں کو ایک چھتری تلے جمع کریں گے۔ عمران خان کے بقول درآمدات اور برآمدات میں کمی سے روپے کی قدر 35 فیصد گر گئی، جب روپیہ 35 فیصد گرا تو مہنگائی تو آنی ہی تھی، عوام کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مگر یہ تھوڑے وقت کے لیے ہے، بہت جلد اچھا وقت آنے والا ہے اور ملک میں سرمایہ کار بھی آئیں گے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہم مشکلات میں گھرے طبقوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں، میرا خواب پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔