آپریشن توڑ پھوڑ کا شکار،تاجر فاقہ کشی پر مجبور،کراچی چیمبر کی اپیل پر دھرنا موخر کردیا

46
کراچی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام اجلاس میں حامد محمود ،جنید اسماعیل ماکڈا، مجید میمن و دیگر شریک ہیں
کراچی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام اجلاس میں حامد محمود ،جنید اسماعیل ماکڈا، مجید میمن و دیگر شریک ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر کی اپیل پر تاجروں نے 7فروری کو وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا 15 روز کیلیے مؤخر کردیا،کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے کہا ہے کہ ہم حالیہ آپریشن کے نتیجے میں متاثرہ مارکیٹوں کے تاجروں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے ساتھ ہونے والے المیے کو سمجھتے ہیں، ہمیں بی ایم جی کے قائد سراج قاسم کی بھی ہدایت ہے کہ چیمبر کی سیڑھی پر آنے والے ہر تاجر کی مدد کی جائے، متاثرہ مارکیٹوں کے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، متبادل جگہوں کیلیے کوششیں جاری ہیں،متاثرہ تاجروں کا ڈیٹا مرتب ،حکومت سے رابطے میں ہیں، وہ گزشتہ روز متاثرہ مارکیٹوں کے رہنماؤں سے خطاب کررہے تھے جس نے اسمال ٹریڈرز کراچی کے رہنماؤں محبوب اعظم ،محمود حامد اور آصف شہزاد کی قیادت میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اسمال ٹریڈر کے صدر محمود حامد نے کہا کہ اس وقت 35 ہزار تاجر اور ان کی زیر کفالت انسان فاقہ کشی کا شکار ہیں، 16 مارکیٹیں منہدم کرنے والوں نے خیرات دینے والے ہاتھوں کو ہاتھ پھیلانے پر مجبور کردیا گیا، مارکیٹوں کے 4تاجر روزگار چھن جانے کے غم کو نہ سہہ سکے اور اللہ کو پیارے ہوگئے، کئی تاجر دل کے اسپتالوں میں پڑے ہیں اور سیکڑوں ذہنی مریض بن گئے ہیں، اسمال ٹریڈرز کے صدر نے چیمبر کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ کراچی چیمبر ہمارے مطالبات کی حمایت میں 7 فروری کو چیف منسٹر ہاؤس پر ہونے والے دھرنے کی حمایت کرے اور اس میں شرکت کا اعلان کرے۔
، جس پر کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید میمن نے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کو اپنا احتجاج 15 روز موخر کرنے کی اپیل کی۔ عبدالمجید میمن نے کہا کہ ہم نے ہر مارکیٹ کے متاثرہ تاجروں کا ڈیٹا مرتب کیا ہے اور اس کے سلسلے میں حکومت سے رابطے میں ہیں، وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر وقار مہدی بھی ہمارے رابطے میں ہیں، آپ کے مسائل حل کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے زولوجیکل گارڈن مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری آصف شہزاد نے کہا کہ ہماری مارکیٹ کو گراکر سراسر ظلم کیا گیا ہے یہ مارکیٹ نہ نالے پر ہے نہ پارک پر ہے مگر اسے مسمار کرکے ہمیں فاقہ کشی پر مجبور کردیا گیا ہے چیمبر ہمارے روزگار کی بحالی کیلیے ٹھوس کوششیں کرے۔
موٹر سائیکل ڈیلر ایسوسی ایشن کے احسان گجر نے مطالبہ کیا کہ چیمبر اپنے نمائندے مقرر کرے کچھ لوگ میئر کے فوکل پرسن بن کر سامنے آرہے ہیں اور کرپشن کے نئے دروازے کھولے جارہے ہیں جنہیں روکا جائے۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنما محبوب اعظم نے کہا کہ ہم بھی تجاوزات کے خلاف ہیں مگر تجاوزات کے نام پر قانونی دکانوں اور بلدیہ کے 70 سال پرانے کرایے داروں کو بے دخل کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایمپریس مارکیٹ ، جہانگیر پارک مارکیٹ ، زولوجیکل گارڈن مارکیٹ ، کھوڑی گارڈن مارکیٹ، معراج مارکیٹ، جناح مارکیٹ ،کیٹرک روڈ مارکیٹ،اکبر روڈ مارکیٹ ، اردو بازار اورنگ زیب مارکیٹ اور لی مارکیٹ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔