ایسی کیا بات ہے جو وزیراعظم عثمان بزدارکا ڈھٹائی سے دفاع کررہے،بلاول 

112
کندھ کوٹ: پی پی کے چیئرمین بلاول میر ہزار خان بجارانی کی پہلی برسی پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں
کندھ کوٹ: پی پی کے چیئرمین بلاول میر ہزار خان بجارانی کی پہلی برسی پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کرم پور(صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار میں ایسا کیا تھا جو انہیں وزیر اعلیٰ بنادیا۔پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے لیے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف میں بہت سے امیدوار تھے ،عثمان بزدار آخری وقت میں آئے، ان میں ایسا کیا تھا کہ انہیں وزیر اعلیٰ بنادیا۔بلاول زرداری نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے 18 ویں ترمیم جو سندھ اور پورے پاکستان کو مضبو ط کرتی ہے آج کل خطرہ میں ہے۔ ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں تاہم پی پی پورے عزم کے ساتھ ان تمام قوتوں کا مقابلہ کرے گی اور ہم 18 ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے لیے کوئی مشکل وقت نہیں اور پی پی پی نے کافی مشکل وقت دیکھے ہیں اورکوئی کٹھ پتلی وزیر اعظم ہمارے لیے کوئی مشکل کھڑی نہیں کرسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار بلاول زرداری نے کشمور کے علاقہ کرم پور میں سابق وفاقی وزیر میر ہزار خان بجارانی کی وفات کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج حسین درانی، سید خورشید احمد شاہ ، صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ، میر شبیر علی خان بجارانی، میر اعجاز حسین جکھرانی، منظور حسین وسان اور دیگر پی پی پی رہنماؤں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان سندھ آ رہے ہیں تو یہ اچھی بات ہے وہ پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں ، پورے ملک میں کام ہونا چاہیے صرف ایک علاقہ میں نہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ جو سلیکٹڈ حکومت ہوتی ہیں وہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کرتی، عوام کے مسائل کا حل نہیں نکالتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے نہ صرف سندھ حکومت پر بلکہ دیگر صوبوں پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب جیسا پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ جہاں انہوں نے فرسٹ کلاس ٹیم لانی تھی اور سب کچھ تیار تھا اور کیا نکلا،بزدار۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی میں بہت سے امیدوار تھے۔ بزدار صاحب آخری وقت میں آیااس میں کیا چیز ہے ، اب تو وسیم اکرم بھی کہہ رہا ہے میرا کیاقصور ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے اور کرکٹ میں امپائر کی مرضی چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کافی مشکل وقت دیکھے ہیں اورکوئی کٹھ پتلی وزیر اعظم ہمارے لیے کوئی مشکل کھڑی نہیں کرسکتا۔