جماعت اسلامی کراچی 5 فروری کو یکجہتی کشمیر کانفرنس منعقد کرے گی،حافظ نعیم 

161
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن حسین آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن حسین آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 5 فروری کو عظیم الشان یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کرے گی ، کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے ،بھارتی فوج 70 برس سے کشمیری عوام پر بد ترین ظلم کررہی ہے ، نہتے کشمیری عوام ان سے جنگ لڑ رہے ہیں ،3روز قبل عدالت میں ملعونہ آسیہ کی رہائی کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کو مستر د کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکھائی میمن مسجد حسین آباد کے باہر بعد نماز جمعہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عبوری امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ ، سیکرٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔مظاہرے میں شہریوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے ۔مظاہرین نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے زبردست نعرے بھی لگائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ایک لاکھ مسلمانوں کو شہید کرچکی ہے اور ماؤں بہنوں کی عزت پامال کررہی ہے، بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر میں نوجوانوں کی تحریک بہت فعال ہے ، سید علی گیلانی شدید بیماری میں بھی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ، کشمیر ملک کی شہ رگ اور جسم شہ رگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا، کشمیری بھائی ہمارے لیے اور پاکستان کے لیے لڑ رہے ہیں ، اقوام متحدہ کشمیریوں کا مسئلہ حل نہیں کرتی ، حکمران امریکا ، اسرائیل اور بھارت سے دوستی اور خوشنودی کے لیے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بہادر کشمیری نوجوان شہید برہان وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں آزادی کی تحریک کو مزید فعال کیا ، عوام 5 فروری کو رسماً نہ منائیں بلکہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ،بچے ، بوڑھے او ر نوجوان کشمیر کانفرنس میں شرکت کرکے کشمیریوں سے اپنی محبت کا ثبوت دیں۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں سیکڑوں مساجد کے باہر مظلوم اور نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے گئے جس میں ضلع وسطی ،ضلع شرقی ،ضلع جنوبی ،ضلع غربی ،ضلع بن قاسم ،ضلع شمالی ،ضلع شاہ فیصل ، ضلع گلبرگ ، ضلع قائدین کے سیکڑوں مقامات شامل ہیں۔ جس میں امرائے اضلاع منعم ظفر خان ، یونس بارائی ، سید عبد الرشید ، اسحاق خان ، عبد الجمیل ،محمد اسلام، محمد یوسف ،توفیق الدین صدیقی ، فاروق نعمت اللہ ، سیف الدین ایڈووکیٹ ، نائب قیم جماعت اسلامی نارتھ کراچی عظیم انور و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ ’’یکجہتی کشمیر کانفرنس ‘‘ کے سلسلے میں مساجد کے باہر بڑی تعداد میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے۔