موسمیاتی تبدیلیاں: رواں برس پاکستان میں سیلابوں کا خدشہ

173

اسلام آباد: پاکستان فلڈ کنٹرول کے چیئرمین احمد کمال کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان میں شدید گرمی پڑے گی جس کی وجہ سے سیلابوں کا خطرہ زیادہ ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے  کو دیے گئے انٹرویو میں احمد کمال نے کہا کہ کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں میں شدت آ رہی ہے۔ دنیا بھر کے ممالک یہ اتفاق کرتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے جو کرہ ارض کے نظام کو بڑے پیمانے پر متاثر کر رہی ہے۔ ہم موسمیاتی تبدیلیوں کی بین الاقوامی کمیٹی سے رابطے میں ہیں۔

چیئرمین پاکستان فلڈ کنٹرول کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رواں موسم سرما گزشتہ 15 برسوں میں سب سے زیادہ شدید ہے۔ کئی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے۔ اگر رواں برس اسی شدت کی گرمی پڑی جس شدت کی سردی ہے تو پہاڑوں پر سے بڑی مقدار میں برف پگھل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں قابل استعمال پانی جمع کرنے کے لیے بنائے گئے دونوں بڑے ڈیم خالی ہیں لیکن اس کے باوجود دریاں میں پانی میں غیر معمولی اضافے کے نتیجے میں 2019 میں سیلابوں کا خطرہ نسبتا زیادہ ہے۔