فیصل بینک رواں سال 100اسلامی شاخوں کا قیام عمل میں لائے گا

87
چیئرمین فیصل بینک یوسف حسین، آئی بی اے سی ای آئی ایف کے چیئرمین ڈاکٹر عشرت حسین اور دیگر کا گروپ فوٹو
چیئرمین فیصل بینک یوسف حسین، آئی بی اے سی ای آئی ایف کے چیئرمین ڈاکٹر عشرت حسین اور دیگر کا گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیصل بینک لمیٹڈ نے اگلے چند سالوں میں مکمل طور پر اسلامی بینکاری کی سروسز فراہم کرنے والا ادارہ بننے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔فیصل بینک کی ملک بھر میں قائم 455شاخوں میں 255اسلامی بینکاری کی سہولیات فراہم کررہی ہیں۔ رواں سال مزید 100اسلامی شاخوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے بعد فیصل بینک ملک بھر میں 600سے زائد شاخوں کے ذریعے بینکاری کی سروسز فراہم کرے گا۔ آئی بی اے سٹی کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب میں فیصل بینک کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو یوسف حسین، آئی بی اے سی ای آئی ایف کے چیئرمین ڈاکٹر عشرت حسین اور ڈائریکٹر برائے آئی بی اے سی ای آئی ایف احمد علی صدیقی کے ساتھ ساتھ دونوں اداروں کے مزید کئی اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے نمو پذیر اسلامی بینکاری کے پھیلاؤ میں ہر سطح پر تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہے ۔ہماری آئی بی اے سی ای آئی ایف کے ساتھ شراکت داری سے اسلامی بینکاری کی صنعت کو ماہر افرادی قوت میسر آسکے گی۔