پاکستان بناؤسرٹیفکٹ کا اجراء ،اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کریں،عمران خان 

95
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے ’’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘‘ کا اجراء کرتے ہوئے سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے بڑی سرمایہ کاری کی اپیل کردی۔ جمعرات کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ’’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘‘ اسکیم خصوصی طور پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے ہے جس میں کم از کم سرمایہ کاری کی شرح 5 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے، سرٹیفکیٹ کے تحت 3سال کے لیے اس پر منافع کی شرح 6.25 اور 5سال کے لیے منافع کی شرح 6.75 فیصد مقرر کی گئی ہے، سرمایہ کاری کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے، سمندر پار پاکستانی ویب پورٹل کے ذریعے بھی زیادہ سے زیادہ 15 منٹ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کے منافع پر ٹیکس نہیں ہو گا جبکہ منافع ڈالر اور روپے دونوں میں ادا ہو سکے گا۔اوور سیز پاکستانیوں کے پاس ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ کی صورت میں وطن میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے، زیادہ سے زیادہ سرٹیفکیٹ خریدیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے سہولیات بڑھا رہے ہیں اس میں مزید اضافہ ہوتا جائے گا۔عمران خان نے کہاکہ جب حکومت سنبھالی تو اندازہ نہیں تھا کہ حالات اس قدر خراب ہیں،پاکستان کی تاریخ کا سب سے مشکل وقت ہے، توازن اور ادائیگیوں کا بحران ابھی ختم نہیں ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سیاحت سے ختم کریں گے، ملک بہت تیزی سے آگے جائے گا اور ترقی پذیر ممالک کے لیے مثال بنے گا،پوری دنیا میں ہرے پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے۔