بنوں: گھر میں دھماکے سے جاں بحق 6 افراد کی تدفین کردی گئی

91

بنوں/ کوئٹہ (اے پی پی) بنوں سے 15کلومیٹر دور تھانہ ہوید کی حدود میں واقع ویدان لنڈیڈاک میں گورنمنٹ پرائمری سکول وزیری کلہ کے ٹیچر برکت اللہ کے گھر میں مارٹر گولہ پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے ماں، باپ اور 4 بچوں سمیت 6 افراد کی مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ نماز جنازہ میں رشتے داروں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی آفس لورالائی حملے میں شہید 7 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی جبکہ 2 پولیس اہلکاروں کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آفس لورالائی حملے میں شہید 7 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ حملے کی تحقیقات کے لیے سی ٹی ڈی کی ٹیم لورالائی پہنچ گئی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم میں فرانزک کے ماہرین بھی شامل ہیں جنہوں نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔