قرن افریقا میں کشتیاں ڈوب گئیں ،30 مہاجر ہلاک 

39
جبوتی: کشتیاں ڈوبنے کے بعد بین الاقوامی ادارہ مہاجرت کے اہل کار ساحل پر لاشیں تلاش کررہے ہیں

جبوتی سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک جبوتی کے قریب قرنِ افریقا میں تارکین وطن کی 2 کشتیاں ڈوبنے سے 30 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ جبوتی کے ساحلی جنگلات کے نزدیک گوڈوریا کے علاقے میں منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب پناہ گزینوں کی 2 کشتیاں توازن برقرار نہ رکھ سکی اور سمندر میں ڈوب گئیں۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 16 تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا، جب کہ 30 افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوچکی ہیں۔ بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ کشتیوں پر 16خواتین سمیت مجموعی طور پر 130 تارکین وطن سوار تھے۔ لاپتا افراد کی تلاش کا کام جاری ہے، تاہم موسم کی خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ جبوتی پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح امدادی کام کی تکمیل ہے، تاہم کشتیوں کی منزل کیا تھی اور یہ افراد یہاں تک کس طرح پہنچے اور اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، ان تمام سوالوں پر تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پناہ گزین غربت سے تنگ آکر اہل خانہ کے اچھے مستقبل کی خاطر مشکل اور دشوار طریقہ اختیار کرتے ہوئے اپنی جانیں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں اور یہ واقعہ بھی اسی نوعیت کا ہے۔