پی آئی اے کی بحالی کے بعد اس کی نجکاری پر کام ہوگا،محمد میاں سومرو

138
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو سیمینار سے خطاب کر رہے ہیں
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو سیمینار سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی بحالی کے بعد ادارے کی نجکاری پر کام ہوگا، پی آئی اے ہیڈ آفس کی منتقلی کے حوالے سے مکمل جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، پی آئی کی نجکاری فاسٹ ٹریک پر نہیں، ابھی پی آئی اے کی بحالی کا کام جاری ہے ، اسلام آباد ائر پورٹ پر مزید بہتری لائی جائے گی، گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ کی تعمیر سے ملکی ائر ٹرانسپورٹ سسٹم مستحکم ہو گا۔ منگل کو وفاقی وزیر شہری ہوابازی اور نجکاری محمد میاں سومرو نے جنوبی ایشیا کے 8 ممالک کے کوآپریٹو پروگرام برائے شہری ہوابازی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے 27ویں 3 روزہ اجلاس کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شہری ہوابازی اور نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ محفوظ، مستعد، پائیدار اور اقتصادی طور پر مؤثر شہری ہوابازی کے لیے بنائی جانے والی عالمی پالیسیوں اور گائیڈ لائینز کی پاکستان بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اجلاس کے مندوبین کو بتایا کہ ایک مضبوط اور قابل انحصار فضائی آمدورفت کا نظام (ائر ٹرانسپورٹ سسٹم) بنانے کے لیے پاکستان اپنے ائرنیویگیشن انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پراستوار کر چکا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کمیونیکیشن،نیو یگیشن اور سرویلینس کا جدید سسٹم لگا چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ حال ہی میں شروع کیا گیا اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ ملک کا پہلا گرین فیلڈائرپورٹ ہے اور اس کے علاوہ ملک کے بیشتر انٹرنیشنل ائر پورٹس کو اپ گریڈکیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں شہری ہوا بازی کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی معیارات پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ تقریب سے سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اسکواڈرن لیڈر (ر) شاہ رخ نصرت نے بھی خطاب کیا۔