آئس نشے اور منشیات سے عوام کی جان چھڑا دینگے، وزیراعلیٰ پختونخوا

67
پشاور: وزیراعلیٰ پختونخوا محمودخان بحالی مرکز کا افتتاح کررہے ہیں
پشاور: وزیراعلیٰ پختونخوا محمودخان بحالی مرکز کا افتتاح کررہے ہیں

پشاور (اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں آئس نشے کے حوالے سے کافی کشیدگی ہے، لوگ فکر مند ہیں، صوبائی حکومت آئس نشے کی روک تھام کیلیے اقدامات اور نشے سے بحالی کے سینٹر قائم کرنے کے ساتھ اس کی روک تھام کیلیے قانون سازی کر رہی ہے تاکہ آئس نشے کی بلا سے معاشرے کی جان چھوٹ سکے۔ ان خیالا ت کا اظہار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پیر کو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور میں صوبے کے پہلے آئس اور منشیات سے بحالی کے سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ آئس نشے سے متاثرہ افراد کے علاج کے ساتھ صوبائی حکومت اس ناسور کی روک تھام کیلیے قانون سازی کر رہی ہے جبکہ حیات آباد میں بھی آئس نشے سے بحالی کا سینٹر جلد قائم کیا جائے گا جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کرینگے۔ آئس نشے سے بحالی سینٹر کے قیام کے بعد ضلعی حکومت کے تعاون سے بھکاریوں کو معاشرے کا مفید شہر ی بنانے کیلیے اقدامات کریں گے اور ان کو قومی دھارے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں پورے صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں عوام کے مسائل حل کرو ں گا۔ انہوں نے پشاور میں صوبے کے پہلے آئس سے متاثرہ افراد کے علاج اور بحالی سینٹر کے قیام پر پشاور کی ضلعی حکومت، ضلع ناظم پشاور محمدعاصم خان اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے دیگر اضلاع بھی پشاور کی تقلید کر یں اور پشاور کی ضلعی حکومت کی طرز پر انقلابی اقدامات کریں۔ اس موقع پر ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان، اراکین قومی اسمبلی شوکت علی، ارباب شیر علی، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان، اراکین صوبائی اسمبلی کامران بنگش، آصف خان، انجینئر فہیم خان، فضل الٰہی، رابعہ بصری، نائب ناظم ضلع پشاور سید قاسم علی شاہ، نائب ناظم ٹاؤن ون محمد شعیب بنگش، سیکرٹری سوشل ویلفئیر محمد ادریس اور ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ سمیت ضلعی و ٹاؤن کونسل ارکان تقریب میں شریک تھے۔