آئین کے دائرے کے اندر سندھ میں تبدیلی لائیں گے، امیر بخش بھٹو

251

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) سندھ میں گورنر راج قبل از وقت ہے، جس آئین میں پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کو اہمیت ہے، اس ہی آئین میں گورنر راج کا بھی ذکر ہے، آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سندھ میں تبدیلی لائیں گے۔ اگرانہوں نے عوام کے لیے کچھ کیا ہوتا تو عوام ان کے لیے باہر نکلتے، بہت جلد عوام ان کی چیخیں جیل میں سنیں گے، عوام کو امید نہیں تھی تبدیلی اتنی جلدی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو نے ورکرز کنونشن اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ نائب صدر گل محمد رند بھی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا خاتمہ قریب ہے، سابق حکمرانوں نے این آراو کے پیچھے چھپنے کی کوشش مگر شفاف انکوائری کے بعداب چیخیں مار رہے ہیں ایک سابق وزیر اعظم جیل کے پیچھے بیٹھا ہے ایک سابق صدر جیل جانے والا ہے سندھ کارڈ نام کی کوئی چیز نہیں ہے سندھ حقوق پر ڈاکا ڈالنے والے اب سندھ کی بات کررہے ہیں عوام کی دولت لوٹنے والے چوروں اور لٹیروں کا احتساب ہوگا ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی ان کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال چکے ہیں، اب یہ سندھ بھر میں جلسے سے خطاب کرتے پھر رہے ہیں۔ ایک سابق وزیر اعظم بھی جیل جانے سے قبل جلسے کررہا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم ایک متنازع منصوبہ ہے مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ ملک میں پانی کا شدید بحران ہے۔ بھاشا ڈیم پر تمام چھوٹی اور بڑی جماعتیں رضا مند ہیں۔ پی ٹی آئی کسی بھی غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کی حمایت نہیں کرے گی سندھ میں پی ٹی آئی کاوزیر اعلیٰ کون ہوگا اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی تحریک انصاف کوئی بھی فیصلہ سندھ کے عوام کے خلاف نہیں کرے گی۔
حیدر آباد، پریٹ آباد میں مکان میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کا سامان خاکستر
حیدر آباد (نمائندہ جسارت) پریٹ آباد میں مکان میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ پریٹ آباد تھانہ پنیاری کی حدود غوثیہ گرلز پرائمری اسکول کے قریب واقع سلیم آرائیں کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا فوری طور پر اہل محلہ نے آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا جبکہ فائر بریگیڈ بھی طلب کرلی گئی، جس نے آگ پر قابو پایا۔ اس دوران لاکھوں روپے کا سامان جل کر تباہ ہوگیا جبکہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔