احتساب یکساں اور شفاف طریقے سے کیا جائے ،آفتاب شیرپاؤ

282

پشاور(آن لائن ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ احتساب کا عمل یکساں اور شفاف طریقے سے کیا جانا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محب بانڈہ ضلع نوشہرہ میں قومی وطن پارٹی کے رہنما کفایت علی ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماعلاوہ دیگر مرکزی و صوبائی قائدین موجود تھے۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ مرحوم کفایت علی ایڈووکیٹ ایک نظریاتی کارکن تھے جنہوں نے تمام عمر جمہوریت کے فروغ اور سیاسی عمل کے استحکام کیلیے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ احتسابی عمل کو سیاست سے علیٰحدہ رکھاجائے تاکہ ملک میں سیاسی تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ نہ ہو۔صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا احتساب کمیشن کے قیام پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے جسے کارکردگی بہتر نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ختم کردیا گیا۔افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کیلیے کلیدی کردار ادا کرے ۔انہوں نے حکومت کو 18ویں ترمیم میں ردوبدل کرنے کے حوالے سے خبردار کیا کہ اس اقدام سے چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی میں مزید اضافہ ہو گا ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ قبائلی علاقوں کو صوبے میں ضم کردیا گیا ہے لیکن وہاں کے لوگ اب تک انضمام کے ثمرات سے مستفید نہیں ہو سکے۔