پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نار کوٹیکس کنٹرول کو مزید مضبوط کرنے اور نارکوٹیکس کنٹرو ل کی ذمے داریوں کو مکمل طور پر محکمے کے حوالے کرنے کی ضرورت سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے آزمائشی بنیادوں 6 ماہ کیلیے خیبر پختونخوا پروکیورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ( کیپرا ) کو ایکسائز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ پولیس کے ساتھ اجلاس کرنے کا عندیہ دیا تاکہ اس معاملے میں محکمہ پولیس کا مؤقف بھی لیا جا سکے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کو محکمہ ایکسائز میں ضم کرنے کی تجویز سے بھی اصولی اتفاق کیا اور اس سلسلے میں آزمائشی بنیادوں پر 6 ماہ کیلیے کیپرا کو ایکسائز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، اس اقدام سے ریونیو جنریشن میں 3 گنا اضافہ متوقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ نارکوٹیکس کو صرف محکمہ ایکسائز ہی ڈیل کرے کیونکہ یہ اسی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے تاہم جب تک محکمہ اپنی فورس بڑھا نہیں لیتا تب تک پولیس فورس کی مدد لی جائے۔ وزیراعلیٰ نے تجویز سے اصولی اتفاق کیا تاہم اس سلسلے میں محکمہ پولیس کے ساتھ اجلاس کا عندیہ دیا تاکہ اس کی مشاورت سے قابل عمل اور مستقل طریقہ کار اختیار کیا جا سکے۔