چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا 8رکنی وفد کے ساتھ دورہ سعودی عرب

203

گزشتہ ہفتے سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی، سینیٹرز کے 8 رکنی وفد کے ساتھ 5 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں کنگ خالدائرپورٹ ریاض پر سعودی شوریٰ کونسل کے اسسٹنٹ اسپیکر ڈاکٹر عبداللہ الثمن، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی اور قائم مقام سفیر ذیشان احمد سمیت دیگر سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ مہمانوں نے دورے کے دوران سرکاری مصروفیات کے علاوہ روضہ رسولﷺپر حاضری دی اور عمرہ بھی ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ کے ساتھ وفد میں سینیٹر احمد خان، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سینیٹر فدا محمد، سینیٹر محمد طلحہ محمود، سینیٹر خانزادہ خان، سینیٹر غوص محمد نیازی اورسینیٹردلاورخان شامل تھے۔ اس دوران چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کے ساتھ ریاض میں سعودی شوریٰ کونسل کےاسپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات کی جس یں پاک سعودی فرینڈشپ گروپ کے سربراہ عبداللہ الحربی اور گروپ کے دیگر .ارکان بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں صادق سنجرانی نے مسک فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔ مسک کے سربراہ بدر الدین قاحیل نے چیئرمین سینیٹ اور وفد کا استقبال کیا اور انہیں فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ وفد نے اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں کمانڈر جنرل راحیل شریف اور ڈپٹی کمانڈر جنرل عبدالرحمٰن سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ اور وفد نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز السعود نے یمن کی تازہ ترین صورت حال سے سینیٹ کے وفد کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے استقبال اور تفصیلی بریفنگ پر جنرل فہد بن ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا دورہ کیا۔