ن لیگ کا کارگل اور 12 مئی پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ 

276

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کارگل اور 12 مئی پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، پاکستان کو تجربہ گاہ نہ بنایا جائے، موجودہ حکومت احتساب کے نام پر مسلم لیگ (ن) کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے،جہانگیر ترین، علیم خان اور علیمہ خان کا اسی طرح احتساب کیا جائے جس طرح میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کا احتساب کیا جارہا ہے۔ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ( ن)سندھ کے زیر اہتمام مسلم لیگ کا 112واں یوم تاسیس منایا گیا۔ یوم تاسیس کی تقریب سندھ مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں صوبائی صدرسید شاہ محمدشاہ کی صدارت میں منعقد ہوئی اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، سینئررہنما خواجہ طارق نذیر ، سید منور رضا، علی اکبر گجر، خواجہ سلمان خیر الدین سمیت رہنماؤں اورکارکنوں نے ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید شاہ محمدشاہ نے کہا کہ سندھ میں منتخب حکومت کو کام کرنے دیا جائے اور پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔ اگر سندھ میں گورنر راج لگانے کی کوشش کی گئی تو مسلم لیگ ہر پلیٹ فارم پر اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں روشنیوں کی بحالی میاں نواز شریف کی مرہون منت ہے لیکن ان کو پابند سلاسل کرکے ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے ۔میاں نواز شریف نے شہر قائد میں قیام امن کے لیے اقدامات کیے تھے۔