انتقامی کارروائی صرف سندھ کے ساتھ ہونا زیادتی ہے‘پی پی 

195

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نائب صدر سردار خان ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شکیل چودھری اور ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند نے اپنے مشترکہ بیان میں گیس کی عدم فراہمی پر شدید برہمی کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور ترقی کی واضح مثال صرف صوبہ سندھ اور خاص کر کراچی میں دیکھی جاسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کی ناقص حکمت عملی کے سبب کبھی سی این جی اسٹیشن پر گیس نہیں ہوتی تو کبھی عوام کو کھانے پکانے کے لیے گھریلو گیس فراہم نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائی صرف سندھ کے ساتھ ہونا زیادتی ہے ، گیس کے غائب ہوجانے کے سبب گھریلوں صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گیس پہلے صرف صبح کے اوقات میں کم ہوجاتی تھی اب تو چولہے کو آگ دکھانے کے باوجود پریشر نہیں آرہا ہے اور رات کے وقت بھی گیس کی فراہمی نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عوام پر مسلط کر ہی دیا گیا ہے تو اپوزیشن کے ساتھ انتقامی کارروائیوں اور بیان بازیوں کے ساتھ ساتھ عوام کو ریلیف پہچانے کی ذمے داری بھی پوری کریں اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا قبلہ درست کروائیں۔