شہباز شریف کا ایم آر آئی ٹیسٹ نہ کرانے پرن لیگ برہم

311

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا طبی معائنہ نہ کرانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کے طبی معائنے کے بعد ایم آر آئی ٹیسٹ تجویز کیا مگرپنجاب کے محکمہ داخلہ ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے مختلف حیلے بہانے بنائے گئے اور شہباز شریف کو انتظار کرایا جاتا رہا،شہباز شریف کی صحت خطرات سے دوچار ہونے کے ذمے دار نیب، محکمہ داخلہ پنجاب اور عمران خان ہوں گے۔اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا طبی معائنہ نہ کرانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی تجویز کی روشنی میں شہباز شریف کا ایم آر آئی ٹیسٹ اتوار کو ہونا تھامگرصبح سے مختلف حیلے بہانے کیے جاتے رہے اور شہباز شریف کو انتظار کرایا جاتا رہا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے،حکمران ہوش کے ناخن لیں ،احتساب کو سیاسی انتقام کے اس درجے پر نہ لے جائیں جس میں انسانی زندگی سے کھیلا جائے۔میڈیکل بورڈ کے طبی مشورے کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ایم آر آئی بلاتاخیر کرایا جائے۔