وزیراعظم 3 جنوری سے ترکی کا 2 روزہ دورہ کریں گے

257

اسلام آباد (نمائندہ جسارت ) وزیراعظم عمران خان ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 3 جنوری سے ترکی کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان ترکی کا یہ پہلا دورہ ہو گا‘ وزیراعظم 3 اور 4 جنوری کو ترکی کا دورہ کریں گے‘ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور وزیراعظم کے مشیر برائے عبدالرزاق داؤد ہوں گے‘ وزیراعظم ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان ترکی میں بزنس فورم سے خطاب کے علاوہ ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں سے انقرہ میں ملاقات کریں گے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورہ ترکی سے دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے‘ اس کے علاوہ اس دورے کے نتیجے میں بالخصوص اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی اور تعاون میں اضافہ ہو گا۔