ہمارے ووٹروں کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، علی نواز شاہ

26

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی ایما پر ضلعی افسران ہمارے ووٹروں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنارہے ہیں۔ عدالت عظمیٰ کے واضح احکامات کے باوجود میرپورخاص میں نیب زدہ ڈپٹی کمشنر کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی سندھ حکومت کو خوش کرنے کے لیے میرے ووٹرز کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہے ہیں۔ تعلقہ شجاع آباد کمپلیکس میں ریکارڈ کرپشن کی گئی ہے، میرے جاری ترقیاتی کاموں کے فنڈز روک کر انہیں بند کرادیا گیا ہے جبکہ ناقص منصوبہ بندی سے شہر میں نکاسی و فراہمی آب کے میگا پروجیکٹ کے نام پر شہر بھر کو کھنڈر میں تبدیل کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہاش گاہ پر ہنگامی پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی کو نہیں چھوڑا بلکہ زرداری لیگ سے کنارہ کشی اختیار کی ہے، اس لیے میرے ووٹروں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حکومت سندھ نے عدالت عظمیٰ کے واضح حکم کے باوجود ایک بار پھر نیب زدہ افسر سید مہدی علی شاہ کو ڈپٹی کمشنر میرپورخاص تعینات کردیا ہے جس کی ہم بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.