پاکستان اور جنوبی کوریا دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اضافے پر متفق

40

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور جنوبی کوریا نے دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق رائے گزشتہ روز سیؤل میں دوطرفہ پالیسی مشاورت کے 10ویں مرحلے کے انعقاد کے دوران کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی، وفد کے دیگر ارکان میں جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور ڈائریکٹر جنرل ایسٹ ایشیا پیسفک ثمینہ مہتاب شامل تھے جبکہ فرسٹ نائب وزیر خارجہ چوہیؤن نے کورین وفد کی قیادت کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے
مطابق فریقین نے اقتصادی اصلاحات اور علاقائی امن و سلامتی کے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون قائم کرنے کی غرض سے دونوں ملکوں کے مابین اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔ ثقافت،تعلیم سمیت فارسٹری اور موسمیاتی تبدیلی کے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے،جنوبی ایشیاء اور آبنائے کوریامیں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے گئے۔ پاکستان نے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلیے مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کوریا نے آبنائے کوریا میں ’’پیس رجیم‘‘ کے قیام سے متعلق مثبت پیشرفت کے بارے میں بریف کیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کوریا میں پاکستانی برادری سے ملاقات کی۔ مشاورت سے قبل سیکرٹری خارجہ نے جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کانگ کیونگ وا سے ملاقات کی اور بات چیت کے دوران دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ