وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب عوام پریشان ہیں، فریال تالپور

42

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ پاکستان کی صدر و رکن صوبائی اسمبلی سندھ فریال تالپور کا کہنا ہے کہ پاکستان کا صحافی ہر جمہوری جدوجہد کا ہراول دستہ رہا ہے ، میڈیا پر قدغن لگانے کی کوئی کوشش ہوئی تو پیپلز پارٹی سب سے پہلے آواز اٹھائے گی۔ حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافی برادری اور میڈیا ہاؤسز کے تمام مسائل فی الفور حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے وفد اراکین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں جہاں پاکستان کے عوام ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں، وہاں صحافی برادری اور ملک کے تمام میڈیا ہاؤسز بھی ہیجان کی کیفیت کا شکار ہوگئے ہیں۔میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جس کی آبیاری کے لیے صحافی حضرات اور پیپلز پارٹی رہنماؤں نے ہر طرح کی تکلیفیں برداشت کیں۔صحافی حضرات نے بھی جمہور اور جمہوریت کی بقا اور مضبوطی کیلیے ہر طرح کی جدوجہد کی۔ ان کامزید کہنا تھا کہ سندھ میں قائم میڈیا ہاؤسز کا جو بھی مسئلہ ہوا اسے حل کر کے دم لیں گے۔ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے اور تنظیمی عہدیداران صحافیوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر میڈیا سیل کے وفد کے اراکین سردار نزاکت ، وقاص شوکت اور ضمیر احمد ملک نے ایم پی اے فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری اور میڈیا ہاؤسز کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اس حوالے سے حکومت سندھ پہلے سے اقدامات کرچکی ہے، اور اگر مزید اقدامات کی ضرورت ہوئی تو اپنے وزرا کے ساتھ میڈیا ہاؤسز کے دورے کر کے قیادت کو رپورٹ پیش کر دیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ