علامہ اقبال نے مسلمانوں کو اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی، وزیراعظم

99

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، علامہ اقبال نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیش گوئی کی جن کا ہمیں آج بھی سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا کلام دنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔وزیراعظم کے مطابق شاہین کے تصور اور خودی کے فلسفے کو سمجھ کر اور اس پر عمل پیرا ہونے سے ہی ہم پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا اصل مقام دلا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانانِ برصغیر کو ایک ایسے وقت میں راستہ دکھایا جب وہ غلامی کے اندھیروں میں منزل کا سراغ کھوچکے تھے۔ ان کے افکار اور سوچ نے امید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی،پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اقبال کے تصورات کے مطابق پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست کے طورپر اقوام عالم میں روشناس کرائیں۔انہوں نے یوم اقبال پر اسکولوں ، کالجز اور تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کرنے پر بھی زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی سوچ سے روشناس کرایا جا سکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.