وعدے پورے کرینگے، برآمدات میں اضافے سے معیشت مستحکم ہوسکتی ہے، عارف علوی

141
کراچی: صدر مملکت عارف علوی مائی کراچی نمائش 2019کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: صدر مملکت عارف علوی مائی کراچی نمائش 2019کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف قوم کو بہتر پاکستان دے کر جانا ہے‘ الیکشن سے پہلے جو وعدے کیے تھے انہیں پورا بھی کیا جائے گا‘ کراچی سندھ ریونیو بورڈ کو 95 فیصد اور قومی معیشت میں65 فیصد ٹیکس دیتا ہے جبکہ دیہی سندھ سے سندھ ریونیو بورڈ کو صرف5 فیصد ٹیکس ملتا ہے‘ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے متحرک ہوں‘حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے معاشی بہتری کی امید ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتے کو کراچی چیمبر آف کامرس میں تقریب اور بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ ترک صدر سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر بات کی‘ ترکی کے ساتھ ہماری دوستی بڑھی اور تجارت کم ہو رہی ہے‘ ترکی سے تجارت ایک ارب ڈالر سے کم ہو کر 60 کروڑ رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ میں اضافے کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں‘ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ تجارت کی راہیں کھولنا ہے‘ تاجر برادری ترقی کا پہیہ ہے، کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے‘ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے‘ سرمایہ کاروں کی گھبراہٹ دور کرنے کے لیے قانون اور انفرااسٹرکچر بہتر کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے‘ نئے دورکے مطابق تعلیم کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے‘سائبر کرائم بل پر بھی کام کیا جارہا ہے‘ ہمارا ہدف قوم کو بہتر پاکستان دے کر جانا ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ آج میں فلم دیکھنے گیا تو لوگوں نے کہاکہ صدر کے پاس کرنے کوکوئی کام ہی نہیں ہے‘ ریاست کا کام ہے کہ امیر و غریب کے بچوں کا معیار تعلیم یکساں ہو‘ یکساں معیار تعلیم کے نظام سے پاکستان کی تیز رفتار ترقی ممکن ہے‘ لیاری ایکسپریس وے کو بھی وفاق اون کرے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ