ضمنی انتخابات میں ووٹ چوری ہونے سے بچائیں،نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں کو ہدایت

129

لاہور/ راولپنڈی (نمائندہ جسارت/آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے ضمنی انتخابات کے موقع پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ ووٹ چوری ہونے سے بچائیں‘ اراکین قومی اسمبلی اور امیدوار حتمی نتائج موصول ہونے تک آر او آفس میں موجود رہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پولنگ اسٹیشن پر محتاط رہیں اور اگر کہیں بھی کچھ غلط نظر آئے تو اس پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ25 جولائی کے انتخابات میں بھی مختلف طریقوں سے دھاندلی کی گئی لہٰذا کارکن محتاط رہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی بھی پولنگ کے بعد آر او آفس آمد متوقع ہے اور وہ کارکنوں کا جوش و جذبہ بڑھانے کے لیے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن راولپنڈی نے آج کے ضمنی انتخابات میں بھر پور کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کی انتخابی شکست کا بدلہ 14اکتوبر کو لیں گے‘ تبدیلی کا پردہ پہلے50 روز میں چاک ہوچکا ہے‘ نواز شریف سے پرویز مشرف اور چودھری شجاعت سے تحریک انصاف تک کے سیاسی سفر میں شیخ رشید نے شہر میں منافقت ، بے وفائی اور دھوکا دہی کی سیاست کو فروغ دیا لیکن تبدیلی کے50 روز میں ہی راولپنڈی کے عوام حقائق جان چکے ہیں‘ آج راولپنڈی کی نشست جیت کر نواز شریف کو تحفے میں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے60 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سجاد خان، سینیٹر مشاہد اللہ خان، سینیٹر چودھری تنویر احمد خان ودیگر قائدین نے انتخابی مہم کے اختتامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چودھری تنویر نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت شکست دی گئی‘ میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو ان کی عدم موجودگی میں اس لیے سزا دی گئی کہ وہ گرفتاری اور جیل کے ڈر سے پاکستان واپس ہی نہیں آئیں گے لیکن ملک و قوم کی خاطر انہوں نے قربانی دی اور نواز شریف نے اپنی بیٹی سمیت دلیرانہ انداز میں گرفتاری دی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ