عوام پر مہنگائی کی بمباری حکومت کا وتیرہ بن گیا ہے‘لیاقت بلوچ

43

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کے منصوبے میں تاحال عوام کو ریلیف دینے کا کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آیا،اسی وجہ سے عوام پر مہنگائی کرنے کی بمباری روزانہ کی بنیاد پر ہورہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سب کا احتساب کرنے بات کرکے پاناما لیکس کے 435 افراد کو بھلا بیٹھے ہیں،جس کے لیے انہوں نے خود جماعت اسلامی کے ساتھ مل کرعدالت عظمیٰ میں پٹیشن دائر کررکھی تھی،اب عمران خان کا فرض بنتا ہے کہ وہ پاناما لیکس کے دیگر435افراد کو بھی کٹہرے میں لائیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتخابات 2018ء میں بے ضابطگیوں اوردھاندلی کے خلاف حکومت نے کمیشن تو بنایادیا ہے۔ لیکن حکومت کو اپوزیشن یا کسی غیرجانبدار فرد کو کمیشن کا سربراہ بنانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ کرکے حکومت نے اس کمیشن کی حیثیت کو مشکوک بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے 100روز کے اقدامات کو بڑی توجہ اور دلچسپی سے دیکھ رہی ہے۔گیس کی قیمتوں میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔بجلی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیاجارہا ہے، اس کے باوجود آئی ایم ایف کے در دولت پر بھی حاضری دی جارہی ہے۔عوام کدھر جائیں؟۔ان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیاکی قیمتوں میں اضافہ اور اوپر مزید قرض کا بوجھ ڈالا جارہا ہے،یہی نیا پاکستان ہے جس کا ڈھنڈورا 5 سال سے پیٹا جارہا تھا؟۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.