حیدرآباد ٹیسٹ، ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 311 رنز پر آؤٹ، روسٹن چیس کی شاندار سنچری

61

حیدر آباد (جسارت نیوز) اومیش یاداو کی تباہ کن بولنگ کے بعد ریشبھ پانٹ، اجنکیا راہانے اور پرتھوی شاہ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں گرفت مضبوط کر لی، ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، روسٹن چیس 106 رنز بنا کر نمایاں رہے، یاداو نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں بھارتی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 308 رنز بنا لئے تھے، پرتھوی شاہ 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ریشبھ پانٹ اور اجنکیا راہانے کالی آندھی کے بولرز کے سامنے چٹان بن گئے، پانٹ 85 اور راہانے 75 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ گزشتہ روزحیدرآباد ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 295 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو روسٹن چیس 98 اور دیوندرا بیشو 2 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں اومیش یاداو نے بیشو کو آؤٹ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی، 311 کے مجموعی اسکور پر روسٹن چیس 106 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد یاداو کی گیند کا نشانہ بنے، شینن گبرائل بغیر کوئی رن بنائے یاداو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اسطرح ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 311 رنز بنا سکی، اومیش یاداو نے 6، کلدیپ یاداو نے 3 اور ایشون نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو لوکیش راہول اور پرتھوی شاہ نے ٹیم کو 61 رنز کا آغاز فراہم کیا، راہول 4 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوئے، پرتھوی شاہ 70 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ویریکن کی گیند کا نشانہ بنے، چیتشور پوجارا 10 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں گبرائل نے آؤٹ کیا، 162 کے ا سکور پر کپتان ویرات کوہلی 45 رنز بنانے کے بعد ہولڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد ریشبھ پانٹ اور اجنکیا راہانے حریف بولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 4 وکٹوں پر 308 رنز بنا لئے تھے اور اسے کالی آندھی کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 3 رنز کی ضرورت ہے، ریشبھ پانٹ 85 اور راہانے 75 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ ہولڈر نے2، گبرائل اور ویریکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ