کمشنر سکھر کی کینالوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کرنیکی ہدایت

59

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے سکھر کے رائس کینال، دادو کینال اور کیرتھر کینال سے تجاوزات ہٹانے کے لیے آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یہ ہدایات ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس روم میں طلب کردہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر پولیس رینج اقبال دارا، ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ، ایس ایس پی سکھر اسد رضا شاہ، ایگزیکٹو انجینئر سکھر بیراج خورشید احمد کوکھر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ایگزیکٹو انجینئر سکھر بیراج خورشید احمد کوکھر نے اجلاس میں بریفنگ دی کہ گزشتہ ہفتے آپریشن کے دوران پولیس نفری کم ہونے کی وجہ سے مزاحمت ہوئی اور محکمہ آبپاشی کا ایک ملازم زخمی ہوگیا، جس کے باعث پیچھے ہٹنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ زیرو پوائنٹ سے آرائیں پوائنٹ تک 23 ہزار فٹ اراضی سے قبضے ہٹانے ہیں، زیرو سے آرائیں پوائنٹ تک 250 فٹ کی پٹی کلیئر کرائی گئی ہے، رہ جانے والے قبضے ہٹانے کے لیے آنے والے منگل سے جمعرات تک بھرپور آپریشن کی تیاری کی گئی ہے، نفری کی تعداد بڑھائی جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے ہدایت کی کہ کینالوں سے قبضے ہٹانے کے لیے مشینری اور عملے میں اضافہ کرنے سمیت پولیس کی نفری بڑھائی جائے اور جامع منصوبہ بندی کے تحت کینالوں کے کنارے صاف کروائے جائیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس رینج اقبال دارا نے کہا کہ پولیس کی جانب سے نفری میں اضافے کے بعد آپریشن شروع کیا جائے، جبکہ آپریشن میں مزاحمت کرکے آبپاشی عملے کو زخمی کرنے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے تا کہ ملوث افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.