بھارت میں تودے گرنے سے 12 افراد ہلاک‘ 4 لاپتا

32

بھونیشور (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اڑیسہ کے کے شہر بھونیشور کے ضلع گجا پتی میں مٹی کے تودے گرنے سے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلا ت کے مطابق بھارت میں آنے والے طوفان تتلی کے دوران قبائلی علاقے کے لوگوں نے ایک غار میں پناہ لے رکھی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں 3بچے بھی شامل ہیں، جب کہ دیگر 4افراد لاپتا ہیں، جن کے بارے میں زندہ ہونے کی تصدیق نہ ہوسکی۔ امدادی کارروائیوں کے دوران 12 لاشیں تلاش کرلی گئیں، جب کہ 4 افراد کی تلاش جاری ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز طوفان کے باعث کچے گھروں کی چھتیں اڑگئی تھیں، جس کے بعد باراگارا گاؤں کے 22 افراد نے ایک قریبی غار میں پناہ لی۔ مسلسل بارش اور مٹی نرم ہوجانے سے غار کے اندر ایک بڑی چٹان بیٹھ گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حادثے کے بارے میں فوراً متعلقہ سرکاری حکام کو اطلاع دی گئی، لیکن نہ تو ضلعی انتظامیہ نے مدد بھیجی اور نہ ہی کسی قریبی پولیس اسٹیشن کے کانوں پر جوں رینگی۔ دوسری جانب امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی زیادہ تر توجہ طوفان سے متاثر ساحلی علاقوں پر مرکوز ہے۔ اس وجہ سے وہ اس قابل نہیں تھے کسی دور دراز کے گاؤں میں فوری طور پر امداد بھیج پاتے۔ واضح رہے کہ تتلی طوفان سے اب تک 21افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 15افراد کا تعلق گجا پتی کے علاقے سے تھا، جو مختلف حادثات و واقعات میں ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب نیپال کی ایک بلند پہاڑی چوٹی سر کرنے کے لیے جانے والی 9رکنی کوہ پیما ٹیم کے تمام ارکان برفانی طوفان کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں جنوبی کوریا کے 5 کوہ پیما اور ان کے 4نیپالی گائیڈ شامل ہیں۔ وہ نیپال کاگورجا نامی پہاڑ سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مقامی حکام کے مطابق انہوں نے کوہ پیما ٹیم کی جانب سے 24 گھنٹے تک کوئی پیغام نہ ملنے کے بعد ان کی تلاش کے لیے امدادی ٹیم روانہ کی تھی، جسے 4 کوہ پیماؤں اور ان کے چاروں نیپالی گائیڈز کی لاشیں مل گئی ہیں۔ابتدا میں نیپالی حکام نے پانچویں جنوبی کورین کوہ پیما کو لاپتا قرار دیا تھا، لیکن بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ وہ بھی طوفان کے وقت کیمپ ہی میں موجود تھا اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہی مارا گیا۔ امدادی ٹیم کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر تیز ہواؤں اور انتہائی خراب موسم کے باعث لاشوں کو اپنے ساتھ نہیں لاسکا۔نیپال کے محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ وہ لاشیں لانے کے لیے جلدہی ایک اور ہیلی کاپٹر بھیجے گا۔ واضح رہے کہ گورجا کی چوٹی 7ہزار 193 میٹر بلند ہے جو نیپال کے انا پورنا نامی خطے میں دنیا کی ساتویں بلند چوٹی دھولاگری کے نزدیک واقع ہے۔
بھارت/ہلاک

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.