سیاسی پارٹیوں نے واٹر بورڈ کے مزدور کا ہمیشہ حق چھینا ہے‘لیبرفرنٹ

32

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)لیبر فرنٹ یونین کے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ طاقت کے نشے سے سرشار سیاسی پارٹیوں نے واٹر بورڈ کے مزدور کا ہمیشہ حق چھینا ہے۔ 13 نومبر کو ریفرنڈم جیت کر واٹر بورڈ مزدور اپنے حق کی جنگ جیت جائیں گے ۔ 34 کروڑ کے فنڈ کے باوجودادارے کے ملازمین کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ پی ایس پی اور مہاجر قومی موومنٹ نے ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن پرست یونین کے صدر محمد ایوب ، جنرل سیکرٹری محمد طارق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر بورڈ میں سی بی اے کے تعین کے لیے 13 نومبر 2018ء کو ریفرنڈم ہونے جا رہا ہے اور لیبر فنڈ یونین تلوار کے نشان پر ریفرنڈم میں حصہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ
واٹر بورڈ مزدور نے ہمیشہ سے طاقت کے نشے میں چور پارٹیوں سے دھوکا کھایا ۔ 30 سالوں میں غیر قانونی بھارتیاں ہوئیں اور مزدور کو کوئی حق نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام بھرتیاں جو واٹر بورڈ کو نقصان پہنچا رہی ہیں ، ان کی انکوائری کروائی جائے تاکہ میرٹ پر بھرتی ہونے والے مزدوروں کو ان کا حق مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سن کوٹے کو قانونی شکل میں لا کر ملازمین کے بچوں کی بھرتی کو یقینی بنائیں گے ۔ ہر چار سال بعد محنت کشوں کو سینیارٹی کی بنیاد پر ترقی دی جائے گی ۔ میڈیکل کے نظام سے کرپشن کا خاتمہ کرکے آؤٹ اسٹیشن پر دو اسپتال اور دو میڈیکل اسٹور قائم کیے جائیں گے اور سیوریج کے محنت کشوں کے بچوں کو ان کی قابلیت کے مطابق بھرتی کی جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ