اہم خبریں

79

عالمی برادری کشمیر اور فلسطین میں بچوں کو تحفظ فراہم کرے، پاکستان
نیویارک (آن لائن) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت دیگر کشیدہ علاقوں میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں بچوں کے تحفظ سے متعلق مباحثے میں خطاب کے دوران کہا کہ کشیدہ علاقوں میں بچوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ تنازعات اور جنگوں کے دوران بچوں کے حقوق متاثر ہوتے ہیں، خصوصاً براہ راست حملوں اور جنسی تشدد کے واقعات کے نتیجے میں ٹراما سے گزرنے والے بچے ساری عمر اس خوف سے باہر نہیں نکل پاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو تمام بچوں کے لیے برابری کی بنیاد پر ذہنی و جسمانی صحت، تعلیم، خوراک، لباس، شیلٹر اور بہتر مستقبل کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہییں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ بچوں کے حقوق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔ اس بات کا ثبوت اس سے بھی دیا جاسکتا ہے کہ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے، جنہوں نے بچوں کے حقوق سے متعلق کنونشن کے حوالے سے سب سے پہلے عزم کا اعادہ کیا۔ ملیحہ لودھی نے مزید بتایا کہ حال ہی میں پاکستان میں بچوں پر تشدد، غذائیت کی کمی، استحصال اور ذہنی تشدد کے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ملک میں پولیو کیسز کی سالانہ شرح 20 ہزار سے گھٹ کر 8ہزار ہوگئی
اسلام آبا د( آن لائن ) بین الاقوامی امدادی تنطیموں نے پاکستان میں پولیو کی روک تھام کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کردیا۔وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہر بچے کو پولیو جیسی خطرناک اور تباہ کن بیماری سے محفوظ رکھنے کی کوششوں میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے معاون ڈاکٹر رانا محمد صفدر کے بیان کے مطابق 90 کی دہائی کے آغاز میں ملک میں پولیو کیسز کی سالانہ شرح 20 ہزار تھی جو ماضی کے مقابلے میں گھٹ کر پچھلے سال محض 8 کیسز رہ گئی تھی۔ ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا کی جانب سے طلب کردہ اہم بین الاقوامی عطیا ت دہندگان اور شراکت داروں پر مشتمل اجلاس میں ڈاکٹر رانا محمد صفدر کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی قابلِ ذکر کمی کے باوجود شہروں کے سیویج میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ابھی مزید کام باقی ہے۔اجلاس میں اسلامی ترقیاتی بینک، روٹری انٹرنیشنل، حکومت جاپان، جرمنی، اٹلی، اور کینیڈا کے نمائندے اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اقوامِ متد ہ کے ذیلی ادارے یونیسیف، یو ایس ایڈ اور سی ڈی سی کے عہدیداران بھی شریک تھے۔

مٹھی اسپتال میں مزید 3 بچےہلاک ،چیف جسٹس آج دور ہ کرینگے
مٹھی(صباح نیوز)سول اسپتال مٹھی میں غذائی قلت اور دیگر امراض کے باعث مزید 3 بچے دم توڑ گئے،جبکہ چیف جسٹس نے آج مٹھی اسپتال کے دورے کا بھی اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تھرمیں غذائی قلت کے باعث موت کا رقص جاری ہے، کئی ماؤں کی گودیں اجڑ چکی ہیں ،سول اسپتال مٹھی میں غذائی قلت اور دیگر امراض کے باعث مزید3بچے دم توڑ گئے۔رواں ماہ مرنے والے بچوں کی تعداد 18 ہو گئی جب کہ رواں سال ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 494 پر پہنچ گئی۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے سندھ حکومت کو11 اکتوبرتک مٹھی اسپتال میں تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب مٹھی اسپتال میں کسی بھی بچے کی موت نہیں ہونی چاہیے۔اس سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی سندھ کے ضلع تھرپارکر میں بچوں کی ہلاکت کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا تھا، جس کی اب تک خاطر خواہ کارکردگی منظرعام پر نہیں آ سکی ۔

الیکشن کمیشن کی میڈیا کو غیر حتمی نتیجے 6بجے سے قبل نشر نہ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(اے پی پی)الیکشن کمیشن آف نے آج ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر میڈیا کو شام 6 بجے سے پہلے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج نہ چلانے کی ہدایت کی ہے۔

قطر میں امریکی حکام کی طالبان نمائندوں سے 4 ماہ میں دوسری ملاقات
واشنگٹن ( آن لائن ) زلمے خلیل زاد کی کوششیں رنگ لانے لگیں۔ افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندے زلمے خلیل زاد نے قطر میں افغان طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق زلمے خلیل زاد اورطالبان نمائندوں کی ملاقات جمعہ کو قطر میں ہوئی جس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال اور انہیں امن مذاکرا ت کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی گئی۔ امریکی حکام نے 4ماہ کے دوران دوسری بار طالبان نمائندوں سے براہ راست ملاقات کی ہے، تاہم اس بات چیت کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ترجمان امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سفارتی بات چیت یا ملاقات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی افغان حکومت کا بھی اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

رکشہ ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے ڈھائی ارب کی لین دین کا انکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں ایک رکشہ ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے ڈھائی ارب روپے کی لین دین کا انکشاف ہوا‘ رکشہ ڈرائیور رشید اکاؤنٹ سے لاعلم تھا‘سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے اربوں روپے کا معاملہ کھربوں میں جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے‘ جے آئی ٹی نے کڑیاں ملاتے ہوئے 94 اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کر لیاہے۔ تفتیشی ادارے 94 جعلی اکاؤنٹ ہولڈرز کے بیانات ریکارڈ کر چکے ہیں۔ بیشتر اکاؤنٹس میں رقم موجود نہیں تھی اور پہلے ہی ٹرانزیکشن کی جا چکی تھی۔ دوسری جانب ایک اور شہری کا جعلی اکاؤنٹ سامنے آیاہے جس میں سے2 ارب 50 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے نے ایک یو بی ایل اکاؤنٹ کا سراغ لگا لیا جس سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں لیکن یہ اکاؤنٹ رکشہ ڈرائیور کے نام پر رجسٹر ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اکاؤنٹ ہولڈر کا نام رشید ہے اور وہ اورنگی ٹاؤن کا رہائشی ہے۔ ایف آئی اے نے جب رشید کو بیان کے لیے بلایا تو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کو معلوم ہوا کہ وہ رکشہ چلاتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.