مسلم لیگ ن میں فار ورڈ بلاک بن چکا ہے ،بس ہم لحاظ کررہے ہیں،فواد چوہدری 

71

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ میں فارورڈ بلاک بن گیا بس ہم لحاظ کر رہے ہیں‘ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف چھوڑی ہوئی نشستوں سمیت دوسری نشستیں بھی جیتے گی‘ لوگ ہمارے ساتھ ہیں‘ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں‘ ملک درست سمت میں جا رہا ہے‘ گھر لوٹنے والے ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑیں گے۔ وہ ہفتے کو مقامی ہوٹل میں عاصمہ جہانگیر انٹرنیشنل کانفرنس 2018ء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ فواد چودھری نے کہا کہ ملک اس وقت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں درست سمت میں جا رہا ہے‘ کرپشن کے خلاف تیزی سے کام جاری
ہے‘ 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ مکمل کر کے دکھائیں گے ۔ چودھری فواد حسین نے کہا کہ جب پرویز مشرف نے اقتدار چھوڑا تو اس وقت ملک پر6 ہزار کروڑ روپے قرض تھا لیکن پی پی دور میں یہی قرضہ 13 ہزار کروڑ تک پہنچ گیا اور پھر مسلم لیگ (ن) کی حکومت اسے28 ہزار کروڑ تک لے گئی‘ اس وقت تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر نہ آئی لیکن جب ہم کہتے ہیں کہ سسکتے ہوئے مریضوں کا بھی وسائل پر اتنا ہی حق ہے جتنا ان لوگوں کا‘ تو پھر انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آنا شروع ہو جاتی ہے‘ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں‘ گھر لوٹنے والے کو نہیں چھوڑیں گے‘ وزیر اعظم پاکستان نے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کا آغاز کر دیا ہے‘ ہر شہری اور خاص طور پر طالب علم اور نوجوان طبقے کو پاکستان کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی کامیابی کے بعد اس قانون کو ملکی سطح پر لے کر آرہے ہیں تاکہ ایک عام آدمی کو بھی پتا چل سکے کہ ان پر حکومت کرنے والے ان کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو شفاف الیکشن لڑنے کی عادت نہیں، اس لیے ان کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں‘ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نہ صرف تمام چھوڑی ہوئی نشستیں جیتے گی بلکہ دوسری نشستیں بھی جیتے گی کیونکہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں‘ شریف فیملی کا مستقبل مخدوش ہے اور (ن) لیگ توڑ پھوڑ کا شکار ہے‘ اسے اب نئی قیادت تلاش کرنی چاہیے جبکہ (ن) لیگ میں قومی و صوبائی اسمبلی میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے‘ ہم ہی لحاظ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں اے این پی کے دور میں جعلی بلٹ پروف جیکٹس خریدی گئیں‘اسفند یار دبئی میں رہتے رہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.