مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے ایک اور نوجوان شہید کردیا

91

سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے شبیر احمد ڈار نامی نوجوان کو ضلع کے علاقے بابا گنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ نوجوان شبیر احمد ڈار کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بھارت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔دریں اثناقابض انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے پلوامہ قصبے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ۔ دوسری جانب حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے پلوامہ میں شہید ہوئے نوجوان شبیر احمد ڈار کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے غیور نوجوان اپنی اُٹھتی جوانیوں اور گرم گرم لہو سے تحریکِ حقِ خودارادیت کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ سانبورہ پانپورہ میں شبیر احمد ڈارکے جلوس جنازہ سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں حریت رہنما نے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کیے جانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گااور ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ