ننھی زینب کے قاتل کے بلیک وارنٹ 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی

63

لاہور (نمائندہ جسارت) ننھی زینب کے قاتل کے بلیک وارنٹ، مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دے دی جائے گی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مجرم کو مجموعی طور پر21مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔بتایا گیا ہے کہ مجرم عمران نے عدالت کی جانب سے دی جانے والی سزائے موت کے خلاف صدر مملکت عارف علوی کے پاس رحم کی اپیل بھی دائر کی تھی جسے ایوان صدر نے مسترد کر دیا ہے۔ قصور کی 7سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور بہیمانہ قتل کے مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔ رواں برس کے آغاز میں پنجاب کے ضلع قصور سے اغوا ء کی جانے والی 7سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا،جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔ زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق بھی ہوئے۔بعدازاں چیف جسٹس نے واقعے کا از خود نوٹس لیا، 23 جنوری کو پولیس نے زینب سمیت قصور کی 8بچیوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم عمران کی گرفتاری کا دعوی ٰکیا۔اگلے ہی ماہ یعنی 17 فروری کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور کی 7 سالہ زینب سے زیادتی و قتل کے مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنادی تھی، جسے ملکی تاریخ کا تیز ترین ٹرائل قرار دیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم عمران کو کل 6 الزامات کے تحت سزائیں سنائی تھیں۔ مجرم عمران کو ننھی زینب کے اغوا، زیادتی اور قتل کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7کے تحت 4،4مرتبہ سزائے موت سنائی گئی۔دوسری جانب عمران کو زینب سے بدفعلی پر عمرقید اور 10لاکھ روپے جرمانے جبکہ لاش کو گندگی کے ڈھیر پر پھینکنے پر7سال قید اور10 لاکھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ