رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرنیوالے ملزم سید رضا کی ضمانت منظور 

55

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرنے سے متعلق ملزم سید رضا کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ جسٹس اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں 2رکنی بینچ کے روبرو رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرنے سے متعلق سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس ودیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ سید رضا نیب کو مزید مطلوب نہیں۔ عدالت نے شریک ملزم سید رضا کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 3 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمے میں کہا کہ ریفرنس کہاں ہے ملزم کو گرفتار کیے 90 روز سے زاید ہو گئے, شواہد کہاں ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کے خلاف شواہد پیش نہیں کر سکتے تو گرفتار کیوں کرتے ہیں؟ جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے، یہ بہت سنجیدہ اور سنگین مسئلہ بن چکا۔ کیا ملزمان کے خلاف ریفرنس داخل کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں, جلد ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے نیب کو ایک ہفتے کے اندر اندر ریفرنس داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ