ٹیسٹ پلیئر رینکنگ ٹاپ10 میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں

38

دبئی (جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئر رینکنگ جاری کر دی ،جس میں محمد عباس سمیت پاکستانی کر کٹرزکی پوزیشن بہتر ہوئی ہے مگر بیٹنگ اور بولنگ میں ابتدائی10کھلاڑیوں میں کوئی بھی پاکستانی کر کٹر شامل نہیں ہے۔ بولنگ رینکنگ میں جیمز اینڈرسن پہلے، کگیسو ربادا دوسرے نمبر پر موجود ہیں، پاکستانی بولر محمد عباس 8درجے ترقی پاکر13ویں اورنوجوان بولر بلال آصف69 نمبر پر آگئے۔بیٹنگ میں ویرات کوہلی پہلے،اسٹیو ا اسمتھ دوسرے اور دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست سے بچانے والے عثمان خواجہ 9درجے ترقی پاکر 10ویں نمبر پرآگئے ، اظہرعلی 16ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ اسدشفیق 5درجے ترقی کے بعد 20ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ محمدحفیظ، حارث سہیل اور امام الحق کی پوزیشن بھی بہتر ہوئی ہے۔ گزشتہ روز آئی سی سی نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ۔ٹیسٹ کرکٹ میں بولر ز کی تازہ درجہ بندی میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست، جنوبی افریقاکے کگیسو ربادا دوسرے اور ورنن فلینڈر تیسرے نمبر پر ہیں۔بہترین 10 بولرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی نہیں۔بھارت کے رویندرا جدیجا چوتھے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ5ویں اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز چھٹے نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ7ویں، بھارت کے روی چندرن ایشون8ویں، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نو اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستانی محمد عباس 8درجے ترقی پاکر13ویں ،نوجوان بولر بلال آصف69 نمبر پر آگئے ۔پاکستان کے تجربہ کار اسپنر یاسر شاہ 21، وہاب ریاض 32 اور بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عامر 34 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ کے بیٹنگ کے شعبے میں محمدحفیظ، حارث سہیل اور امام الحق کی پوزیشن درجہ بندی میں بہتر ہوئی ہے تاہم بولنگ کی طرح بیٹنگ میں بھی کوئی پاکستانی سرفہرست 10بلے بازوں میں شامل نہیں ہے۔ٹیسٹ کی بلے بازی میں ویرات کوہلی پہلے، ایک سالہ پابندی کے شکار آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو ا اسمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تیسرے، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ چوتھے اورآسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔دبئی ٹیسٹ میں پاکستان سے جیت چھیننے والے آسٹریلیا کے بلے باز عثمان خواجہ 9 درجے ترقی پاکر سرفہرست 10ویں بلے باز بن گئے۔پاکستان کی جانب سے اظہرعلی 16ویں نمبر کے ساتھ نمایاں ہیں، اسدشفیق 5 درجے ترقی کے بعد 20ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں جہاں بھارت سمیت بڑی ٹیموں کے کپتان سرفہرست بلے بازوں میں شامل ہیں وہیں پاکستان کے کپتان مسلسل ناقص کارکردگی کے ساتھ 42ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ