خسرہ کیخلاف مہم میں کسی بھی محکمے کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ، ابراراحمد جعفر

47

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر نے کہا ہے کہ تمام والدین اپنے 9 ماہ سے 5 سال عمر کے بچوں کو 15 سے 27 اکتوبر منعقد ہونے والی 12 روزہ خسرہ سے بچاؤ کی مہم کے دوران خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں کیونکہ حفاظتی ٹیکا ہمارے بچوں کو خسرہ سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ بات انہوں نے دربارہال میں خسرہ سے بچاؤ کی مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خسرہ کی ویکسین محفوظ ہے اور تمام والدین بنا خوف و خطر اپنے بچوں کو ضرور حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ والدین، سول سوسائٹی و میڈیا کے تعاون سے خسرہ سے بچاؤ کی مہم کامیاب ہوگی۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں مہم کے دوران یوسی میڈیکل افسران و عملے کی مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خسرہ کیخلاف مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ تمام محکمے بھرپور تعاون کریں گے اور کسی بھی محکمے یا عملے کی جانب سے کوتاہی نظر آئی تو اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران وعملے کو انسداد پولیو مہم کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ اسی جذبے کے ساتھ خسرہ کیخلاف مہم کو بھی کامیاب کریں گے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر یوسف زرداری اور ڈاکٹر غلام قادر راجپوت نے بتایا کہ ضلع بے نظیرآباد میں خسرہ سے بچاؤ کی مہم کے دوران 9 ماہ سے 5 سال عمر تک کے 2 لاکھ 93 ہزار 301 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے یوسی، تحصیل و ضلع سطح پر ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل عملے کی ڈیوٹیوں و حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیموں کی تربیت کے علاہ تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ضلع میں 63 فکس اور 197 آؤٹ ریچ سائٹس پر بچوں کو ٹیکے لگانے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جس میں تربیت یافتہ عملے، ان کے ساتھ ٹیم اسسٹنٹ کے علاوہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں 1960 اسکولوں میں بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین کرنے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کے ڈویژنل سرویلینس افسر ڈاکٹر عبدالواحد بھرٹ، ڈسٹرکٹ منیجر آئی ایچ ایس ڈاکٹر دولت جمالی، ڈسٹرکٹ فوکل ای پی آئی ڈاکٹر غلام سرور خاصخیلی کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، پاپولیشن، صحت، تعلیم، سوشل ویلفیئر اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.