صنعتکاروں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا اولین ذمے داری ہے

49

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈپٹی ا نسپکٹر جنرل حیدر آباد ریجن سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ صنعتکاروں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمے داری میں شامل ہے۔ صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے تو ہزاروں محنت کشوں کے ساتھ ملکی وسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوٹری ایسوسی ایشن ٹریڈ ایند انڈسٹریز کی جانب سے دیے جانے والے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ میاں توقیر طارق، چیئرمین آصف میمن، سینئر وائس چیئرمین عدیل صدیقی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوٹری صنعتی زون میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ انہوں نے صنعتی ٹریٹمنٹ پلانٹ پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی، پولیس چیک پوسٹ کے قیام اور پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کے لیے ایس ایس پی جامشورو کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں سے مشاورات کے بعد جلد از جلد اقدامات پر عمل کیا جائے۔ قبل ازیں کاٹی چیئرمین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ میاں توقیر طارق نے پولیس کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید اقدامات عمل میں لانے کی استدعا کی۔ بعد ازاں ڈی آئی جی حیدرآباد کو کاٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ