حیدرآباد ،حیسکو ٹیم کی کنڈا سسٹم کیخلاف کارروائی،400 کنکشن منقطع 

47

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) حیسکو کی ایک ٹیم نے تعلقہ حیدرآباد دیہی و ٹنڈو جام کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 400 سے زائد بجلی کے کنکشن منقطع کردیے، ٹنڈو جام اور دیگر دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر کنڈا سسٹم چل رہا ہے، جس کیخلاف حیسکو نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو رحم علی اوٹھو نے تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسیئن، ایس ڈی اوز کو ہدایات دیں کہ حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں کہیں پر بھی بجلی کے غیر قانونی کنکشن اور زیادہ واجبات والے بجلی کے کنکشن کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں، تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی والے کنکشن فی الفور منقطع کردیں۔ کسی بھی صورت میں بجلی کا بے جا استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ جن افسران کے علاقوں میں ایسے کنکشن موجود ہیں وہ تمام کنکشن کاٹ دیں، بصورت دیگر تمام افسران وملازمین کیخلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گا، کوتاہی کسی کی بھی ہو اسے ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ اس کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چھوٹی یا بڑی سزا کے طور پر اس کو نوکری سے فارغ کردیا جاسکتا ہے۔ اس لیے خصوصی ریکوری ٹیموں کے ہمراہ نادہندہ صارفین کے بجلی کے کنکشن روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں۔ صرف بجلی کے بلوں کی ادائیگی والے صارفین کو بجلی فراہم کی جائے اور نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنے کے بعد واجبات کی ادائیگی کی صورت میں ہی دوبارہ بجلی کا کنکشن بحال کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ