حیدر آباد، نئی سبزی منڈی میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے

42

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ نئی سبزی منڈی حیدر آباد کے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے نئی سبزی منڈی حیدر آباد کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد محمد اسلم سومرو، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سارہ جاوید، ڈائریکٹر ایگریکلچر اور مارکیٹنگ حیدر آباد شوکت علی مستوئی، ایم ڈی واسا، محکمہ بلدیات کے افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے ڈائریکٹر ایگریکلچر اور مارکیٹنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر نئی سبزی منڈی میں موجود مسائل کا جلد از جلد سد باب کیا جائے، جس میں بجلی کی فراہمی، نکاسی آب کے کاموں کو فوری مکمل کیا جائے جبکہ وہاں موجود خستہ حال عمارتوں کو مسمار کیا جائے تاکہ کسی بھی نقصان کے اندیشے سے بچا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی آلودگی کو مد نظر رکھتے ہوئے شجرکاری کی جائے اور وہاں پر زیادہ درخت لگائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ جلد از جلد پرانی سبزی منڈی کو زیر تعمیر نئی سبزی منڈی حیدر آباد میں منتقل کی جائے، جس سے شہر میں موجود ٹریفک اور دیگر مسائل کو قابو پانے میں مدد ملے گی۔ بعد ازاں کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد اسلم سومرو نے سرسبز ماحول، صحت مند زندگی کے عنوان سے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ شجرکاری مہم حیدر آباد کی انتظامیہ کی ہدایت پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے شروع کی گئی ہے، جس کے تحت 15 ہزار درخت حیدرآباد سٹی میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے لگائے جائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ