صوبائی وزیر تعلیم نے اپنی بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کرادیا

79

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اپنی بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کراکر ملک بھر کے اہل اقتدار کے لیے ایک اعلیٰ مثال قائم کردی۔ انہوں نے اپنی 8 سالہ بیٹی کیف کا داخلہ حیدر آباد کے گورنمنٹ میران گرلز اسکول میں تیسری جماعت میں کرایا ہے۔ اب صوبائی وزیر تعلیم کی بیٹی کیف حیدر آباد کے سرکاری اسکول سے تعلیم حاصل کریں گی۔ وزیر تعلیم سردار علی نے کہا ہے کہ میں نے اپنی بیٹی کا سرکاری اسکول میں داخلہ کراکر تبدیلی کا آغاز کیا ہے، اب دیگر وزا بھی اس کی تقلید کرتے ہوئے اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ سرکاری اسکولوں پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ جب ابتدا وزیر اور اساتذہ سے ہوگی تو تعلیم کا معیار بھی اچھا ہوگا سب سے بڑا مسئلہ اونر شپ کا ہے، ابھی ابتدا ہے یہ سلسلہ آگے بڑھے گا۔ اس حوالے سے کیف نے کہا کہ میرے والدین نے سرکاری اسکول سے پڑھا، میں بھی سرکاری اسکول سے ہی پڑھنا چاہتی ہوں۔ ننھی کیف نے اپنے اسکول کا ماحول دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے صوبائی اسمبلی میں کہا تھا کہ اپنی بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کراکر سرکاری اسکولوں کا اعتماد بڑھائیں گے جو انہوں نے پورا کردیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.