انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بحال کرنے کا فیصلہ درست ہے، احمد حسن مغل

27

اسلام آباد (کامرس نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی طرف سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو دوبارہ بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ اس اہم ادارے کی بحالی پاکستان کی انجینئرنگ صنعت کو بہتر فروغ دینے اور انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات کو ترقی دینے میں معاون ثابت ہوگی ۔احمد حسن مغل نے کہا کہ ترقی یافتہ مغربی دنیا، یورپ، سنگاپور، جنوبی کوریا، ملایشیاء، ترکی اور تھائی لینڈ سمیت تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک نے انجینئرنگ شعبے پر خصوصی توجہ دے حیرت انگیز اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لیکن پاکستان برآمدات کے لیے زیادہ تر ٹیکسٹائل سمیت چند روایتی مصنوعات پر انحصار کر رہا ہے جس وجہ سے ہماری برآمدات اصل صلاحیت سے بہت کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ٹیکسٹائل برآمدت کا حصہ کم ہو رہا ہے جبکہ انجینئرنگ مصنوعات کا عالمی تجارت میں حصہ 60فیصد سے زیادہ ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اگر پاکستان انجینئرنگ شعبے پر بہتر توجہ دے تو یہ شعبہ معیشت کی بہتر ترقی اور برآمدات کے فروغ میں نمایاں حصہ ادا کر سکتا ہے۔احمد حسن مغل نے کہا کہ 2017-18کے دوران بھارت کی انجینئرنگ گڈز کی برآمدات 76ارب ڈالر سے زائد تھیں جبکہ جولائی تا مئی 2017-18کے دوران پاکستان کی انجینئرنگ گڈز کی برآمدات صرف 19کروڑ ڈالر کے لگ بھگ تھیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان اس شعبے میں کتنا پیچھے ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ