ملک کا واحد ونڈ کوریڈورسندھ میں موجو د ہے ، امتیاز احمد شیخ 

70

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے 54ہزار ایکڑ سے زائد زمین شمسی و پن بجلی سمیت مختلف منصوبوں کے لیے مختص کی ہے۔سند ھ میں ملک کا واحد ونڈ کوریڈور ضلع ٹھٹھہ کے مقامات گھارو اور جھمپیر میں موجود ہے جہاں اس وقت 20سے زائد پن بجلی کے منصوبے ایک ہزار میگاواٹ سے زائد توانائی پیدا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ اس پر مزید 35سے زائد متبادل توانائی کے منصوبے التواء کا شکارہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں انرجی اپڈیٹ اور محکمہ توانائی سندھ کے اشتراک سے منعقدہ تیسری بین الاقوامی انرجی سمٹ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مختلف مسائل کے باعث ونڈ انرجی کے یہ 35منصوبے التوا کا شکار ہیں جن کا تعلق وفاقی اداروں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود اسلام آباد جا کر متعلقہ اداروں سے بات کریں گے تاکہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت توانائی سے متعلق ایسے تمام وسائل کو مشترکہ مفادات کونسل اور وفاقی وزارتوں کی سطح پر اٹھائے گی تاکہ منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے اپنی بجلی کی ترسیل اور فراہمی کی کمپنی قائم کی ہے اور اب اپنا گرڈ اسٹیشن کا نظام بھی لائے گا تاکہ صوبے میں متبادل توانائی کے منصوبوں سے عوام کو جلد از جلد بجلی فراہم ہوسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ