اسٹاک مارکیٹ : دو دن کے دوران انڈیکس میں1274.16پوائنٹس کی کمی

34

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دو دن کے دوران انڈیکس میں 1274.16 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو بدترین مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 800پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس 38ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے گر گیا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو181ارب روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب روپے سے کم ہو کر77کھرب روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعہ کو کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کی زد میں آ گئی ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت غیر رسمی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی معاشی پالیسی پر وزیر اعظم کاعدم اطمینان اوران کی کارکردگی پر برہمی کے اظہار جیسی خبروں پر سرمایہ کارو ں نے نہ صرف محتاط رویہ اختیار کیا بلکہ منافع خوری کی خاطر فروخت کو بھی ترجیح دی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 38300، 38200، 38100، 38000، 37900، 37800، 37700 اور 37600 پوائنٹس کی 8بالائی حد سے نیچے گر گیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق پاکستانی سرمایہ کار روپے کی قدر میں کمی سے تذبذب کا شکار ہیں جبکہ معاشی معاملات پر حکومت کی واضح پالیسی تاحال سامنے نہ آنے سے سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 880.37 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 38398.30 پوائنٹس سے گھٹ کر 37517.93 پوائنٹس ہو گیا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 510.45 پوائنٹس کی کمی سے 18256.91 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28218.02 پوائنٹس سے کم ہو کر 27767.45پوائنٹس پر بند ہوا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.