پی ٹی سی ایل کے ریونیو میں اضافہ

31

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ریونیو میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق پی ٹی سی ایل کا ریونیو 30 ستمبر کو ختم ہونے والے 9 ماہ کے دوران 93 ارب 21 کروڑ روپے تک بڑھ گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے ریونیو میں 11 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور یو فون کا ریونیو 10 فیصد اور یو بینک جو کہ پی ٹی سی ایل کا ذیلی مائیکرو فنانس کاادارہ ہے۔
گوشواروں کی وصولی میں 55 فیصداضافہ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایف بی آر کی طرف سے انکم ٹیکس گوشواروں کی وصولی میں 55 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق رواں سال 10 اکتوبر تک مجموعی طور پر 4 لاکھ 82ہزار سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 3لاکھ 12ہزار سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے تھے۔رواں مالی سال کے دوران جمع کرائے جانے والے گوشواروں میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد کااضافہ ہوا ہے۔
ڈاک کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب
سیالکوٹ(اے پی پی )شہریوں کو سہولتیں باہم پہنچانے ، اداروں اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ترقی میں محکمہ ڈاک کا اہم کردار ہے ، پوسٹ مین محکمہ ڈاک میں ریڑھ کی ہڈی کا مقام رکھتا ہے، محکمہ ڈاک کے عالمی دن پر ڈویژنل سپرٹینڈنٹ مریم خان یوسفزئی نے 9 اکتوبر ڈاک کے عالمی دن کے حوالے سے سیالکوٹ جنرل پوسٹ آفس میں ہونے والے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ڈاک کی ترسیل کے لیے 1874ء میں یونیورسل پوسٹل یونین کا قیام عمل میں لایا گیا۔
ٹمبر مرچنٹس انتخابات :حاجی سلیمان کامیاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کراچی ٹمبر مرچنٹس گروپ کے انتخابات برائے 2018-19 میں حاجی سلیمان سومرو اور ان کے گروپ کو شاندار کامیابی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ کے حاجی سلیمان سومرو نے مسلسل شاندار کامیابیوں اور ان کے مخالفین نے عبرتناک ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے۔
گیس کی فراہمی آج بحال رہے گی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی ہفتہ کے روز بحال رہے گی۔ ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنزکو جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے ہفتہ صبح آٹھ بجے تک چوبیس گھنٹے کے لیے گیس فراہمی معطل رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو پیر اور بدھ کے روز بھی چوبیس گھنٹے کے لیے گیس فراہمی معطل رہی تھی۔
سونے کی فی تولہ قیمت میں استحکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں17ڈالرز کا اضافہ دیکھا گیا اور سونے کی فی اونس قیمت 1221 ڈالرز کی سطح پر رہی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں استحکام رہا ا ور فی تولہ سونے کی قیمت 61500، دس گرام سونے کی قیمت 52726روپے پر مستحکم رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت10روپے کمی سے 830 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
نیا گلیکسی A9 اسمارٹ فون جاری کر دیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سام سنگ الیکٹرانکس نے نئے گلیکسی A9 اسمارٹ فون کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔ یہ ا سمارٹ فون تصاویر اور خصوصی لمحات کو محفوظ بنانے کے خواہش مند افراد کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا جبکہ اس میں دنیا کا سب سے پہلا کواڈ کیمرہ استعمال کیا گیا ہے۔ گلیکسی اے 9 ان افراد کے لیے موزوں موبائل فون ہے جو یہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا چاہیے۔ سام سنگ گلیکسی اے 9 سے شاندار سیلفیز اور پینوراما افیکٹس پر مبنی تصاویر لی جا سکتی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ