(ٹرمپ کی سنگ دلی) میکسیکو سرحد پر ہزاروں خاندان بچھڑگئے

57

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی حکومت نے میکسیکو کی سرحد پر تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسی کے نتیجے میں گزشتہ 4 ماہ کے عرصے میں 6 ہزار سے زائد تارک وطن افراد ان کے خاندانوں سے علاحدہ کیے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکی پناہ گزینوں کی پالیسی کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا اور میکسیکو کی سرحدوں پر پناہ گزینوں کو غیر قانونی طریقے سے روکا جا رہا ہے، انہیں غیر اعلانیہ مدت تک زیر حراست رکھا جا رہا ہے اور انہیں طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ ایمنسٹی کے مطابق امریکی حکومت کی سخت پالیسی کی وجہ سے ملک میں داخل ہونے والے ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن خاندانوں کو علاحدہ کر دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا پناہ گزین مخالف پالیسی پر عمل کرنا امریکی آئین اور بین الااقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔ امریکا میں تعینات ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر اریکا گوئیرا روزاس نے امریکی کانگریس اور ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے میکسیکو کی سرحد پر پناہ کے متلاشی افراد کے خلاف گھناؤنی کارروائیوں کی غیر جانبدار تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایک منصوبے کے تحت میکسیکو کی سرحد پر غیر قانونی تارکین وطن کو سزائیں دینے کے لیے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ مستقبل میں ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ غیر جانبدار تفتیش کے ذریعے حکومت کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ