پولیس اہلکارکونشانہ بنانے والا ملزم مقابلے میں ہلاک 

41

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن پولیس نے ڈکیتی کے دوران پولیس اہلکار کو نشانہ بنانے والے ملزم کو مقابلے میں ہلاک کر دیا جبکہ ملزم کے ساتھی سمیت اسٹریٹ کرائم کے 4ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ ، مسروقہ موٹر سائیکل ، مسروقہ سامان اور منشیات بر آمد کرلی ،یہ بات ایس پی کلفٹن عبداللہ احمد نے جمعہ کو کلفٹن آفس میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کلفٹن اور بوٹ بیسن کے علاقوں میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے بعد اسنیپ چیکنگ کے سلسلے کو بڑھایا گیا۔ اس ضمن میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کلفٹن کے علاقے چیپل ریزی ڈینسی اپارٹمنٹ کے قریب مشکوک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم مشکوک موٹر سائیکل سوارنے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی ،پولیس پارٹی کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم اکرام اللہ ولد عبدالعباس کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بلوچ کالونی سے چوری شدہ موٹر سائیکل KKL-7203برآمد ہوئی ، ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ملزم دوران علاج دم توڑ گیا ، بعد ازاں ملزم سے ابتدائی تفتیش کے تنا ظر میں کیماڑی کے علاقے سکندر آباد سے ملزم کے فرار ساتھی عبدالواحدولد داؤد خان کو گرفتار کرلیا ملزم عبدالواحد نے پکڑے جانے کے خوف سے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا جو بعد میں شہید ہوگیا تھا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ